مظفرآباد ۔۔
پانچ فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقعہ پر مرکزی یکجہتی ریلی اور جلسے کی تیاریوں اور انتظامی امور کو حتمی شکل دینے کے لئے کل جماعتی حریت کانفرنس اور مہاجرین نمائندہ فورم کا مشترکہ مشاورتی اجلاس کل جماعتی حریت کانفرنس کے بیس کیمپ کے مرکزی دفتر مظفرآباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف کمیٹیوں کی تشکیل، ذمہ داریوں کی تقسیم، انتظامی امور، عوامی رابطہ مہم اور مشترکہ حکمتِ عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت سیکریٹری جنرل کل جماعتی حریت کانفرنس ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ نے کی۔ مہاجرین نمائندہ فورم کے مستقل رکن غلام حسن بٹ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں حریت رہنماؤں مشتاق احمد بٹ (سیکریٹری اطلاعات)، راجہ خادم حسین شاہین، شیخ عبدالماجد، عبدالمجید میر اور مشتاق الاسلام شریک ہوئے۔
میرے جنازے کوکندھا دینے آجانا۔۔کشمیر کی برزگ ماں مجاہد بیٹے کی راہ تکتےدنیا سے چلی گئی
مشاورتی اجلاس میں مہاجر کیمپوں کے زونل ممبران اور دیگر ذمہ داران محمد مقصود بٹ (چہلہ زون)، سید صادق حسین نقوی (امبور زون)، محمد عالم مغل (نمائندہ مہاجر کیمپ امبور)، گلشاد بٹ (سینئر صحافی)، محمد مقصود کیانی (نمائندہ مہاجر کیمپ زیرو پوائنٹ)، محمد صدیق داود (پروگرام کوآرڈینیٹر)، نشاد بٹ (نمائندہ مہاجر کیمپ مانکپیاں A و پراجیکٹ ایڈوائزر)، محمد شبیر کشمیری (معاون برائے مرکزی ترجمان)، عامر عباسی (یوتھ ایڈوائزر)، بختیار خان، محمد عاطف لون، حیدر کشمیری، محمد اظہر چوہدری، فائز بٹ، تنزیر اقبال، منصور میر، شفیع پیر، منیر کونشی، نذیر ملک، اویس خان، شیر علی، عاشق خان، ممتاز نقوی، زبیر درانی، ضمیر کیانی، سید محمود شاہ اور دیگر شامل تھے۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 5 فروری یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقعہ پر مرکزی یکجہتی ریلی اور جلسہ بینک روڈ مظفرآباد میں منعقد کیا جائے گا جس میں حریت قیادت، مہاجرین و انصار، سیاسی و مذہبی رہنما، سول سوسائٹی، تاجر برادری، طلبہ اور عوام الناس کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یومِ یکجہتیٔ کشمیر کو بھرپور، منظم اور مؤثر انداز میں منایا جائے گا تاکہ عالمی برادری کو کشمیری عوام کی جائز جدوجہدِ آزادی، بے مثال قربانیوں اور بھارتی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں جاری سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے مؤثر انداز میں آگاہ کیا جا سکے۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کے عوام کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر مکمل حمایت حاصل رہے گی۔
مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں، جنہیں نہ فراموش کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی جبر و طاقت کے ذریعے دبایا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تمام تنظیمیں باہمی اتحاد، نظم و ضبط اور مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔
شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر کی مکمل آزادی اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول تک جدوجہد پوری استقامت کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔
اجلاس کے اختتام پر شہدائے کشمیر اور آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود احمد خان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔