اسلام آباد ۔ دی مائنڈڈاٹ پی کے
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ کا کنونیر غلام محمد صفی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں تمام وابستہ اکائیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں خطے کی موجودہ سیاسی صورتحال، کشمیر کاز کی حساس نوعیت اور آئندہ حکمتِ عملی کے مختلف پہلوؤں پر غور و خوض کے بعد چند اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے انتخابی عمل کے حوالے سے اپنی سابقہ اصولی پالیسی کو برقرار رکھے گی۔ حریت کانفرنس نہ خود کو کسی سیاسی جماعت میں تبدیل کرے گی اور نہ ہی کسی سیاسی یا مذہبی جماعت، گروہ یا فرد کے حق یا مخالفت میں انتخابی مہم کا حصہ بنے گی۔ اس مؤقف کی بنیاد اس اصول پر رکھی گئی کہ مسئلہ کشمیر ایک قومی، نظریاتی اور بین الاقوامی حق خودارادیت کا مسئلہ ہے، جسے وقتی سیاسی مفادات یا انتخابی وابستگیوں کے تابع کرنا اس کی بنیادی روح اور وقار کے منافی ہے۔
اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی سیاسی و مذہبی قیادت کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی کشمیر کاز کے گرد یکجا کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اس تناظر میں حریت کانفرنس کا غیرجانبدار، اصولی اور متوازن کردار کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیا گیا، تاکہ وہ ایک مشترکہ قومی آواز کے طور پر اپنی ساکھ، اعتماد اور اثرپذیری کو برقرار رکھ سکے۔
شرکاء نے اس حقیقت کا بھرپور اعادہ کیا کہ حریت کانفرنس شہدائے کشمیر کی وارث اور ان کے عظیم مشن کی امین ہے۔ اس حیثیت میں اس پر یہ بنیادی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ شہداء کے ادھورے مشن حقِ خودارادیت کے حصول کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید مؤثر، منظم اور ہمہ جہت بنائے۔ اس جدوجہد کو اصولی، پُرامن اور بین الاقوامی قوانین و سفارتی اقدار کے مطابق جاری رکھنا حریت کانفرنس کی مستقل اور غیر متزلزل حکمتِ عملی قرار دیا گیا۔
اجلاس میں اتفاق رائے پایا گیا کہ حریت کانفرنس کی نمائندہ ٹیمیں پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی تمام بڑی سیاسی و مذہبی جماعتوں سے باضابطہ اور مؤثر روابط قائم کریں گی۔ ان روابط کا بنیادی مقصد یہ ہوگا کہ متعلقہ جماعتوں کو اپنے انتخابی منشور میں مسئلہ جموں و کشمیر کے بنیادی، کلیدی اور اصولی نکات شامل کرنے پر آمادہ کیا جائے، تاکہ کشمیر کاز کو ریاستی، سیاسی اور عوامی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر اس غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا کہ حریت کانفرنس اپنی اصولی، غیرجانبدار اور واضح پالیسی پر کاربند رہتے ہوئے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید مربوط، مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے تمام دستیاب سیاسی، سفارتی اور عوامی وسائل بروئے کار لائے گی، اور ہر سطح پر اس آواز کو مؤثر انداز میں عالمی ضمیر تک پہنچانے کی کوشش جاری رکھے گی۔
اجلاس میں سنیر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی،محمود احمد ساغر ، جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد ، الطاف حسین وانی،سید فیض نقشبندی ،شیخ عبد المتین ،حسن البنا،جاوید جہانگیر، نثار مرزا، سید اعجاز رحمانی ،راجہ خادم حسین ،داود خان، چوہدری شاہین ،زاہد صفی، ،کفایت حسین رضوی ،زاہد اشرف ،حاجی محمد سلطان،محمد شفیع ڈار،امتیاز وانی، میاں مظفر،محمد اشرف ڈار ،سید گلشن،،منظور احمد ڈار،شیخ عبد الماجد ، زاہد مجتبی، نذیر کرناہی اور سکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے شرکت کی