
راولاکوٹ ۔۔سابق وزیراعظم آزاد کشمیراور مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔ پونچھ میں 13 جون کو کشمیر بنے گا پاکستان ریلی نکالیں گے۔ خودمختار کشمیر کے نعرے سے ہزار اختلاف کے باوجود نعرے لگانے والوں سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں۔
راولاکوٹ میں 13جون کو پونچھ ڈویژن میں ہونے والی کشمیر بنے گا پاکستان ریلی کے حوالے سے منعقدہ مشاورتی اجلاس میں سردار عتیق نے مزید کہا کہ ہمارے دروازے پر بھارتی فوج ہے اور دوسری طرف پاکستانی فوج۔ ہمیں دو میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہے۔ ہم اپنی اور آنے والی نسلوں کے دفاع اور تحفظ کے لیے اپنی محافظ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نظریہ الحاق پاکستان تاریخ اور تحریک کا تسلسل ہے۔ پاکستان مخالف نظریات منفی سوچ کے عکاس ہیں۔ ریاست جموں وکشمیر سے مسلم کانفرنس کو منہا کریں تو باقی ڈوگرے کی تاریخ بچتی یے۔