
اسلام آباد ۔۔۔۔

سات جون کو راولپنڈی سے اغوا ہونے والے کشمیری سیاسی رہنما خواجہ خورشید احمد کی بازیابی کیلئے مغوی کی بیٹی خلیقہ خورشید کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر پہلی سماعت ہوئی ہے ۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کے بعد وفاقی سیکرٹری دفاع ، سیکرٹری داخلہ کو نوٹس جاری کرنے کے علاوہ سیکٹر کمانڈر راولپنڈی، سیکٹر کمانڈر اسلام آباد اور سیکٹر کمانڈر آزاد کشمیر سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے آئی جی اسلام آباد اور سی پی او راولپنڈی سے بھی رپورٹ طلب کر لی۔
عدالت نے تمام اداروں بشمول آئی ایس آئی، آئی بی، ایف ائی اے کو ہدایات جاری کی کہ مغوی کے متعلق تمام تر معلومات کی تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع کروائیں۔
خواجہ خورشید احمد کیس میں سینئیر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان نیاز احمد راٹھور، ریاست علی آزاد ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، دلاور خان ایڈووکیٹ، خلیق الرحمن سیفی ایڈووکیٹ، خواجہ سجاد احمد ایڈووکیٹ، خواجہ محمد ابرار ایڈووکیٹ اور بیرسٹر یاسر احمد نیاز راٹھور پیش ہوئے۔
خواجہ خورشید جموں کشمیر لبریشن لیگ کے مرکزی نائب صدر ہیں اور ضلع نیلم سے سابق امیدوار اسمبلی رہ چکے ہیں،۔۔
یاد رہے اسلام آباد ہائیکورٹ میں حال ہی میں ایک اورکشمیر شہری اور شاعر فرہاداحمد کے اغوا کیس کی بھی کئی سماعتیں ہوئیں جس کے بعد مغوی بازیاب ہوا تھا ۔