
اسلام آباد .. پونچھ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور پرل فٹبال اکیڈمی آزاد کشمیر کے چیئرمین، سردار عبد الرؤف قادری نے تحریک قومی سلامتی پاکستان کے قیام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
سردار عبد الرؤف قادری نے کہا ہےکہ یہ نئی سیاسی جماعت وقت کی اہم ضرورت تھی، اور اس کے بانی چیئرمین محمد رضوان منیر مبارکباد کے مستحق ہیں، جنہوں نے پاکستان کے مشکل ترین دور میں عوام کی آواز بننے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت کی سنگینی اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ لوگ روٹی نہ ملنے کے باعث خودکشیوں پر مجبور ہو رہے ہیں، جو روایتی حکمرانوں کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ موجودہ حکمران عوامی مسائل کے حل میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، اور ایسے وقت میں قوم کو ایک مسیحا کی ضرورت ہے۔
سردار عبد الرؤف قادری نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس ملک میں محمد رضوان منیر جیسے انسان دوست، ملکی سالمیت کے حامی اور عوامی فلاح و بہبود کے جذبے سے سرشار رہنما پیدا کیے ہیں، جو اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے مخلص اور نیک نیت افراد کو اپنی ٹیم میں شامل کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لیے جوق در جوق تحریک قومی سلامتی کے قافلے میں شامل ہوں اور اس کے پرچم کو مضبوطی سے تھامیں، کیونکہ آنے والا وقت انہی لوگوں کا ہے۔