
اسلام آباد ۔۔۔ انتظار حیدری
بھارت کی جارحیت کیخلاف پوری قوم یک زبان اور متحد ہے ۔۔۔ ملک کی تین بڑی مذہبی سیاسی جماعتوں نے کل دفاع وطن اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن منانے کا اعلان کردیا۔
جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، جماعت اسلامی کےامیر حافظ نعیم الرحمن اور شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ ساجد نقوی نے اجتماعات جمعہ میں بھارتی جارحیت کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کرانے کی اپیل کردی ہے۔
سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ یوم جمعہ کو یوم دفاع وطن کے طور پر منایا جائے۔ دفاع وطن فرض ہے اور ہر پاکستانی قربانی کیلئے تیار ہے۔ دشمن کو بھرپور جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے جمعۃ المبارک یوم عزم اور اتوار کو پاکستان زندہ باد کے طور پر منایا جائے۔
شیعہ علماء کونسل جمعہ کو بھارتی جارحیت کیخلاف یوم احتجاج جبکہ مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کے طور پر منائے گی۔۔ علامہ ساجد نقوی کہتے ہیں پاکستان کی جانب سے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر داد تحسین پیش کرتے ہیں۔ شیعہ علماء کونسل نے بعد از نماز جمعہ احتجاج و اظہار یکجہتی کے مظاہروں کا بھی اعلان کردیا ہے