
کوئٹہ::
پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کی پاکستان کے خلاف پراکسی جنگ اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی، دشمن کے تمام ناپاک عزائم ہر صورت میں ناکام بنائیں گے۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ میں ضبائلی عمائدین کے گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی پراکسی جنگ ہماری قوم، ترقی اور امن کیخلاف کھلی دہشت گردی ہے، پاکستان کے پاس بلوچستان میں بھارت کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی اور مداخلت کے واضح ثبوت موجود ہیں، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمن کے ناپاک عزائم ہر صورت ناکام بنائیں گے، جو بھی دشمن ہماری خودمختاری کو چیلنج کریگا، اسے منہ توڑ جواب دیا جائیگا،
فیلڈمارشل عاصم منیر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاک فوج ہر خطرے سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، بلوچستان کے امن پر کوئی سمجھوتہ ہرگز نہیں ہوگا، پاکستان کا مستقبل بلوچستان کے استحکام اور خوشحالی سے جڑاہے، بہادر بلوچ عوام کے تعاون سے دشمن کا مقابلہ کریں گے اور اسے کچل دیں گے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں کام کرنے والی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں کی بہادری کو بھی سراہا، اور شہدا کے اہل خانہ کو مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا،،