این ڈی ایم اے نے شمالی علاقوں میں بارش اور برفباری کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا
اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شمالی علاقوں میں 21 تا 24 جنوری کے دوران متوقع بارشوں اور برفباری کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ کے مطابق بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش کے باعث دریائے کابل اور اس کے ملحقہ ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ دیر، چترال، سوات اور کوہستان میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور نوشہرہ و تربیلا ڈیم کے نشیبی علاقوں میں دریائے کابل کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔ صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اور حساس مقامات کی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام کو ندی نالوں، نشیبی علاقوں اور خطرے سے دوچار علاقوں کے قریب غیر ضروری آمد و رفت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کا نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور متعلقہ اداروں کو بروقت معلومات فراہم کر رہا ہے۔
موسم کی صورتحال، ممکنہ خطرات اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے کی ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔