
مظفرآباد، شاہین عباسی

پاکستان زندہ باد ریلی ایل او سی پر آباد علاقے چکوٹھی پہنچ گئی ۔ ریلی کی قیادت حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی ۔ ریلی میں افواج پاکستان کی بھارتی جارحیت کے خلاف بے مثال کامیابی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
مظفرآباد سے چکوٹھی تک پاکستان زندہ باد ریلی
مظفرآباد تا چکوٹھی ریلی میں آزاد کشمیر کی مختلف سیاسی، مذہبی، سماجی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ حریت کانفرنس کے ترجمان کے مطابق ریلی کا مقصد اقوام متحدہ پر بھی زور دینا تھا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اپنی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے اپنا منصبی کردار ادا کرے تاکہ خطے کو ممکنہ ایٹمی جنگ سے بچایا جا سکے۔
حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان،امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر و پاکستان ڈاکٹر راجہ مشتاق خان اور دیگر مقررین نے بھارت کی حالیہ جارحیت کے خلاف افواج پاکستان کی تاریخی فتح کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارت کو ایک ایسی شکست دی ہے جس نے دنیا کا بیانیہ تبدیل کر دیا ہے اور بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔
کشمیر کو تقسیم کرنے والی کنٹرول لائن پر بڑا حادثہ
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت طاقت کے نشے میں چور ہو کر کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، اور پہلگام سانحہ کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں ہر سو دہشت اور خوف کا ماحول قائم کر رکھا ہے۔ ہزاروں بے گناہ نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ ہم نے بارہا میدان جنگ میں کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن مذاکرات کی میز پر ہمیں کئی بار مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مؤدبانہ گزارش کی کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم میز پر بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑیں اور مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے تمام سفارتی اور سیاسی کوششیں بروئے کار لائیں۔
پانی کشمیریوں کی ملکیت، بھارت کیسے روک سکتا ، جنرل عاصم منیر نے ہندوتوا کو لگام ڈال دی
ریلی میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر ،امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر راجہ مشتاق خان ، رہنما پیپلز پارٹی اشفاق ظفر،رہنما پی ٹی آئی زرین حیدر،جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد ،اعجاز رحمانی، راجہ خادم حسین زاہد اشرف ،ذاہد صفی،چوہدری شاہین،محمد اشرف ڈار عبدالحمید لون،شوکت جاوید،سید گلشن،مشتاق الاسلام ،عزیر غزالی،عبدالمجید میر،تنزیل احمد اور دیگر ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔۔